قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس

بھارتی اقدامات پر غور، قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب

ویب ڈیسک: پہلگام فالس فلیگ کے بعد سندھ طاس معاہدہ کی منسوخی اور اس کے بعد کی ملکی داخلی و خارجی صورتحال پر غور و خوض کیلئے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے، جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔
ذرائع کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام واقعے اور اس میں 27 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد پاکستان پر الزام تراشی اور بعد ازاں سندھ طاس معاہدہ کی منسوخی سمیت دیگر بھارتی اقدامات پر وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اعلیٰ سول و عسکری قیادت شرکت کرے گی، اس دوران پہلگام فالس فلیگ اور سندھ طاس معاہدہ کی معطلی کے بعد کی ملکی داخلی و خارجی صورتحال پر غور کیا جائےگا، قومی سلامتی کمیٹی عجلت میں اٹھائے گئے بھارتی نا قابل عمل آبی اقدامات کا جواب دینے کا بھی جائزہ لے گی۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت جیسا کرے گا ، اسے ویسا ہی جواب دیا جائے گا، انڈیا نے غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنایا، بھارت کو ترکی بہ ترکی جواب دیں گے، اگر بھارت کے پاس شواہد ہیں تو پیش کرے، قومی سلامتی کمیٹی میں اہم فیصلے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں ہوتی چاہیے، پاکستان دنیا میں امن چاہتا ہے، اسے اس کی کمزوری نہ سمجھا جائے، بھارت اپنے مسائل کا ملبہ پاکستان پر ڈال دیتا ہے، بھارت نے ایکشن لیا تو ہم بھی تیار ہیں، بھارت کے اعلانات میں غیرسنجیدگی پائی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں:  چارسدہ میں شدید گرمی و لوڈشیڈنگ، طلبہ شدید مشکلات کا شکار