پیرا پلیجک سنٹر کی ریگولر گرانٹ

پشاور، پیرا پلیجک سنٹر کی ریگولر گرانٹ 400 ملین روپے کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت پشاور میں پیرا پلیجک سنٹر کی ریگولر گرانٹ 400 ملین روپے کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے پیراپلیجک سنٹر پشاور کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام سے سنٹر میں فراہم کئے جانے والے علاج معالجے ، خدمات و سہولیات اور درپیش مسائل بارے تفصیلی بریفنگ لی۔صوبائی کابینہ اراکین بیرسٹر محمد علی سیف، احتشام علی اور ہمایون خان بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔
وزیر اعلیٰ نے پیرا پلیجک سنٹر کے مختلف سیکشنز کا دورہ بھی کیا اور زیر علاج مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے پیرا پلیجک سنٹر کیلئے 50 ملین روپے خصوصی گرانٹ کی فراہمی جبکہ اگلے بجٹ میں ریگولر گرانٹ کو 300 ملین روپے سالانہ سے بڑھا کر پیرا پلیجک سنٹر کی ریگولر گرانٹ 400 ملین روپے کرنے کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کوپیرا پلیجک سنٹر کی ریگولر گرانٹ میں بقایا 75 ملین روپے جاری کرنے کی ہدایت کی اور سنٹر میں فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی بنیادی سہولیات کو صحت کارڈ میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے پیرا پلیجک سنٹر کی توسیع کیلئے خریدی گئی اراضی کیلئے رقم کی ادائیگی کی بھی ہدایت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیرا پلیجک سنٹر معذور افراد کی بحالی کا ایک منفرد ادارہ ہے اورصوبائی حکومت اس ادارے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پیرا پلیجک سنٹر کو 500 بیڈز تک توسیع دی جائے گی۔ صوبائی حکومت نے کڈنی، بون میرو، لیور ٹرانسپلانٹ اور امپلانٹ کو بھی صحت کارڈ میں شامل کر دیا ہے تاکہ اس مہنگے علاج کا بوجھ شہریوں پر نہ پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگلے مرحلے میں تھیلیسیمیا اور منشیات کے عادی افراد کی بحالی کو بھی صحت کارڈ میں شامل کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے معذور افراد کی بحالی و دیگر اقدامات میں حکومت کا ساتھ دینے پر مخیر حضرات کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ معذور افراد ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں ، ہمیں دل سے ان کی خدمت و مدد کرنی چاہئے۔ معذوری کو کبھی بھی مجبوری نہیں بنانا چاہئے ، ہم میں دوسروں کی مدد اور آگے بڑھنے کی جستجو ہونی چاہئے اور جب ہم اجتماعی سوچ اور خدمت کے جذبے کیساتھ آگے بڑھیں گے تو ضرور کامیاب ہونگے۔

مزید پڑھیں:  مردان میں مساجد کی شمسی توانائی پر منتقلی منصوبے کی انکوائری شروع