ویب ڈیسک: وفاقی وزیر دفاع اور مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کو ابھی نندن کی شکل میں دیا گیا جواب یاد ہوگا، پاکستان بھارت کے کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دینے کی پوزیشن میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کو ابھی نندن کی شکل میں دیا گیا جواب یاد ہوگا، بھارت پہلگام واقعے پر دوسروں پر الزام دھرنے کے بجائے خود احتسابی کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت اس واقعہ کی تفتیش کر کے ذمہ داروں کو تلاش کرے، پاکستان پر الزام لگانا نامناسب ہے، یہ امکان بھی ہو سکتا ہے کہ پہلگام حملہ خود بھارت کا فالس فلیگ آپریشن ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھارت سے بھی تو پوچھے کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں بیگناہ لوگ مارے جا رہے ہیں تو وہاں کئی عشروں سے موجود سات لاکھ فوج کر کیا رہی ہے؟
