انسانی حقوق سے متعلق ٹاسک فورس

انسانی حقوق سے متعلق ٹاسک فورس کے دائرہ کار میں توسیع

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا حکومت نے انسانی حقوق کے تحفظ، فروغ اور نفاذ کو موثر بنانے کیلئے انسانی حقوق کی صوبائی ٹاسک فورس کے دائرہ کار میں توسیع کر دی ہے۔ اس ضمن میں محکمہ قانون کی جانب باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق صوبائی وزیر برائے قانون کی زیر صدارت کام کرنے والی ٹاسک فورس کے قواعد میں تبدیلی کرتے ہوئے اسے شمولیت، مساوات اور سماجی انصاف کے اصولوں پر مبنی بنا دیا گیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد انسانی حقوق کے پائیدار نفاذ کو یقینی بنانا اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کو مرکزی دھارے میں لانا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ٹاسک فورس خیبر پختونخوا ہیومن رائٹس ایکشن پلان 2018ء کے تحت اس کے نفاذ کو یقینی بنائے گی ۔
اسی طرح مذکورہ ایکشن پلان کی روشنی میں صوبائی حکومت کو پالیسی سفارشات پیش کرنے، انسانی حقوق کے نفاذ کو موثر بنانے کیلئے قانون سازی کی تجاویز پیش کرنے، خواتین، معذور افراد، اقلیتی برادریوں اور خواجہ سرا افراد جیسے پسماندہ طبقات کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گی جبکہ انسانی حقوق پر کام کرنے والی مقامی تنظیموں، این جی اوز اور سول سوسائٹی کے ساتھ روابط کو مضبوط بنائے گی ۔

مزید پڑھیں:  امریکہ کیساتھ مذاکرات جاری ،دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے : ایرانی صدر