نہریں بنانے کا منصوبہ روک دیا

وزیراعظم نے دریائے سندھ پر نہریں بنانے کا منصوبہ روک دیا

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے دریائے سندھ پر نہریں بنانے کا منصوبہ روکتے ہوئے معاملہ مشترکہ مفادات کونسل لے جانے اور دو مئی کو اجلاس بلانے کا اعلان کردیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل میں جب تک رضا مندی سے کوئی فیصلہ نہیں ہو جاتا تب تک کوئی نہر نہیں بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 2مئی ہو گا، میں بلاول بھٹو زرداری کا بھی شکر گزار ہوں، ہم نے بھارت کے معاملات پر بھی گفتگو کی ۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایک فیڈریشن ہے اور اس کے کچھ تقاضے ہیں، کینالز منصوبے اور ملکی صورتحال پر بڑی سنجیدگی سے بات کی، صوبوں کے درمیان معاملات بات چیت سے طے کیے جاتے ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ہماری شکایات کو سنا اور پیپلزپارٹی کے اصولی موقف اور مطالبات کو تسلیم کیا، ہمارا اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ باہمی رضا مندی کے بغیر کوئی نہر نہیں بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی سمیت دیگراقدامات پر حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اوراس معاملے پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری وفد کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کیلئے پہنچے، پیپلزپارٹی کے وفد میں راجہ پرویز اشرف، ندیم افضل چن، ہمایوں خان، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور شازیہ مری بھی شامل تھے۔

مزید پڑھیں:  وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت آج ہوگا