غزہ میں پناہ گاہوں پر حملے

صیہونیوں کے غزہ میں پناہ گاہوں پر حملے، 45فلسطینی شہید

ویب ڈیسک: غزہ کا پورا انفرسٹرکچر تباہ و برباد کرنے کے بعد صیہونیوں کے غزہ میں پناہ گاہوں پر حملے تیز ہونے لگے ہیں، حالیہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں بے یار و مدد گار اور بے سروسامانی میں رہنے والے فلسطینیوں کی پناہ گاہوں اور خیموں پر ظالم اسرائیل بارود برسانے لگا، جس سے 45فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
غزہ میں اسرائیلی فورسز کی دہشت گردی تھم نہ سکی، پناہ گاہوں، خیموں اور تباہ حال عمارتوں پر حملے کئے، اس دوران رفاح، جبالیہ، خان یونس اور نصیرات پناہ گزین کیمپوں پر فضائی حملے کئے گئے، صیہونیوں کے حملوں کے دوران تین بچوں سمیت 45 فلسطینی شہید ہوگئے، شمالی غزہ کے جبالیہ بازار پر بھی حملہ کرکے 3 فلسطینی شہید کردیئے گئے۔
اسرائیلی فورسز نے حماس کے ارکان کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا، حالیہ واقعات میں 45 فلسطینیوں کے شہید ہونے کے بعد شہدا کی مجموعی تعداد 51 ہزار سے تجاوز کر گئی، جبکہ اس دوران ایک لاکھ 17 ہزار 96 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی آباد کاروں کا مغربی کنارے میں بھی فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ جاری رہا، اس دوران پانچ فلسطینیوں کو گولی مار دی گئی، کھیتوں اور عمارتوں کو آگ لگا دی، اور ان کے خِیموں کو نذر آتش کر دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  پی ایس ایل 10: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو شکست دیدی