ویب ڈیسک: وفاق نے پن بجلی منافع روک لیا، جبکہ اس کے بقایاجات میں صرف 15ارب کی ادائیگی کی گئی ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا کو رواں سال پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں 33ارب 9کروڑ روک کر بقایا جات کی مد میں صرف 15ارب کی ادائیگی کی ہے۔
وفاقی حکومت نے رواں مالی سال میں پن بجلی کی رقم ادا نہیں کی جبکہ بقایاجات بھی کم ادا کئے گئے ہیں، صوبائی حکومت نے وفاق سے بقایاجات ادائیگی سمیت رواں برس کی ادائیگی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا ذرائع کے مطابق رواں مالی سال میں وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے کو 111ارب 30کروڑ روپے ملنے ہیں، جن میں اس سال کا منافع 33ارب 9کروڑ روپے جبکہ بقایاجات 78ارب 21کروڑ روپے شامل ہیں۔
محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا کی دستاویز کے مطابق بقایاجات کی مد میں وفاقی حکومت نے اب تک صرف 15ارب روپے اداکئے ہیں، جبکہ رواں مالی سال کے منافع کی ادائیگی نہیں کی گئی۔
صوبائی محکمہ خزانہ کے مطابق وفاقی حکومت رواں مالی سال کے 15ارب کی ادائیگی کو اسی برس کی بجلی کی قیمت میں شامل کر رہی ہے، تاہم صوبائی حکومت پہلے بقایاجات وصول کریگی، پھر رواں برس کی وصولی تصور کی جائیگی۔ محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا ذرائع کے مطابق اس معاملہ کو اعلی سطح پر وفاقی حکومت کیساتھ اٹھایا گیا ہے۔ یاد رہے وفاق نے پن بجلی منافع روک لیا، جبکہ اس کے بقایاجات میں صرف 15ارب کی ادائیگی کی گئی ہے۔
