ویب ڈیسک: موسمیاتی تغیر پزیری رنگ دکھانے لگی، ابھی سے سورج سوا نیزے پر آ گیا اور پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جس سے عوام بے حال ہونے لگے۔
ملک بھر میں سورج نے آگ برسانا شروع کردی، پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔ لاہور، کراچی، خیبرپختونخوا اور سندھ سمیت ملک بھر میں سورج سوا نیزے پر آ گیا، شدید گرمی سے شہری بے حال ہونے لگے۔
ادھر گرم ہونے کے ساتھ ساتھ موسم خشک ہونے کی وجہ سے بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے، شدید گرم موسم کی وجہ سے گھروں اور دفاتر میں ایئر کولر اور ایئر کنڈیشنز کا استعمال بڑھنے لگا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 40 ڈگری تک جانے کے امکانات ہیں۔ موسمیاتی ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ دو تین دن تک پنجاب میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے جب کہ موسم خشک رہے گا اور گرمی کی شدت میں بھی بتدریج اضافہ ہوگا۔
ادھر شہر قائد پر تیز دھوپ کا راج ہے جبکہ گرمی کی شدت سے متعلق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی بھی کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے شہر قائد کے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے اور درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہر میں گرمی کی شدت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ہے جبکہ شہر میں ہوائیں 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں بھِ سورج آنکھیں دکھانے لگا ہے، شدید گرمی کے ساتھ ساتھ بجلی لوڈ شیڈنت نے عوام کی چیخیں نکال دیں، گرمی سے تنگ آئے بچے قریبی نہروں میں کود پڑے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی جہاں ایک طرف گرمی کا زور ہے وہیں بجلی لوڈ شیڈنگ نے الگ سے عوام کو پریشان کر رکھا ہے.
