ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے نجی تعلیمی اداروں نے فیڈرل بورڈ سے الحاق کا فیصلہ کر لیا، مختلف چیلنجز کے باوجود حکومتی سطح پر کسی قسم کا تعاون فراہم نہیں کیا جا رہا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کی پالیسیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے لوک لپرائیویٹ ایسٹی ٹیوٹس نے فیڈرل بورڈ سے الحاق کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے صوبائی صدر پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک خیبرپختونخوا محمد سلیم خان نے کہا کہ گزشتہ 30 برسوں سے نجی تعلیمی شعبے کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم حکومتی سطح پر کسی قسم کا تعاون فراہم نہیں کیا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی عدم دلچسپی اور ناقص پالیسیوں نے نجی اداروں کو متبادل اقدامات پر مجبور کر دیا ہے، اسی تناظر میں اب کئی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ فیڈرل بورڈ سے منسلک ہونے جا رہے ہیں تاکہ تعلیمی معیار کو برقرار رکھا جا سکے، جبکہ کئی ادارے پہلے ہی دیگر صوبوں میں اپنے کیمپس قائم کر چکے ہیں، ضلعی سطح پر سکولوں کی باقاعدہ فہرستیں تیار کی جا رہی ہیں تاکہ فیڈرل بورڈ سے الحاق کا عمل باضابطہ مکمل کیا جا سکے۔
