ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر ظلم و جبر اور فسطائی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار اپنی فاشسٹ سوچ کے تحت پورے برصغیر کو آگ میں جھونکنے کے درپے ہے، بھارت جارحانہ اقدام سے باز رہے، نہیں تو پاکستانی قوم دشمن کو اس کی زبان میں جواب دینا جانتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت اپنے سکرپٹڈ ڈراموں کی آڑ میں معصوم کشمیریوں پر مظالم ڈھائے جا رہی ہے، اسے یہ سلسلہ بند کرنا ہوگا، انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کسی بھی قسم کے جارحانہ اقدام سے باز رہے ورنہ پاکستانی قوم دشمن کو اس کی زبان میں جواب دینا جانتی ہے۔
صوبائی مشیر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اس بار چائے فنٹاسٹک نہیں بلکہ کڑوی اور ناقابل برداشت ہوگی‘بھارت نے اگر کوئی حرکت کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستان دشمن کو ہر محاذ پر شکست دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور بھارت کا کوئی بھی فالس فلیگ آپریشن یا پروپیگنڈا پاکستان کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بانی چیئرمین اور دیگر سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہی اس وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے، بانی پی ٹی آئی واحد لیڈر ہیں جو عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور ان کی قیادت میں ملک موجودہ بحرانوں سے باہر نکل سکتا ہے۔
مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ موجودہ سنگین حالات سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد ناگزیر ہے، اور بانی چیئرمین کی رہائی کے بغیر کسی بھی قسم کی قومی یکجہتی ممکن نہیں، لیکن بھارت بھی کسی جارحیت سے باز رہے، پاکستانی قوم دشمن کو اس کی زبان میں جواب دینا جانتی ہے۔
