پشاور سے کراچی تک شٹر ڈاؤن

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی، پشاور سے کراچی تک شٹر ڈاؤن ہڑتال

ویب ڈیسک: فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پشاور سے کراچی تک شٹر ڈاؤن ہڑتال، تمام کاروباری مراکز بند، ٹریفک نہ ہونے کے برابر۔
تفصیلات کے مطابق فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پشاور سے کراچی تک شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے، اس دوران جا بجا احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں، کاروباری مراکز بند ہیں، جس کی وجہ سے ٹریفک روانی بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔
جماعت اسلامی اور تاجر تنظیوں کی ہڑتال کی کال پر ملک کے بیشتر شہروں میں کاروباری مراکز بند ہیں۔ راولپنڈی کے راجہ بازار، مری روڈ، صدر اور کمرشل مارکیٹ میں دکانیں بند ہیں جبکہ سڑکیں بھی سنسان ہیں۔ ادویات سے جڑے ڈرگسٹ اینڈ کیمسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی ہڑتال کی جا رہی ہے جس کے باعث بیشتر بازاروں میں میڈیکل سٹور بند ہیں۔
ا=ہل غزہ سے اظہار یکجہتی کیلئے جاری احتجاج کے دوران پاکپتن اور گردونواح میں تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند ہیں، ملکہ کوہسار مری میں اہل غزہ سے یکجہتی کے لیے مکمل شٹر ڈاون ہڑتال ہے، جماعت اسلامی کی شٹر ڈاون ہڑتال کی کال پر تمام کاروباری مراکز بند ہیں، مال روڈ، کینٹ مارکیٹ، بھوربن مارکیٹ، علیوٹ اور پھگواڑی سمیت تمام بازار اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ بھی کم ہے۔
خیبرپختونخوا کے دارالحکومت اور قدیمی شہر پشاور میں بھی فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے شٹرڈاون ہڑتال کے باعث قصہ خوانی بازار، چوک یادگار، اشرف روڈ، چوک ناصر خان اور خیبر بازار میں دکانیں بند ہیں، اہم شاہراؤں پر چھوٹی بڑی مارکیٹیں اور شاپنگ مالز بھی بند ہیں، یہاں ٹریفک روانی بھی انتہائی کم دیکھی جا رہی ہے۔
صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی ہڑتال کی جا رہی ہے، شہر میں تمام اہم بازار اور کاروباری مراکز بند ہیں۔ اس دوران مستونگ، قلات، خضدار اور پشین سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔
ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے، تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز اور دکانیں بند جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم ہے۔
کورنگی كراسنگ روڈ پر سیاسی جماعت کی جانب سے فلسطین کے حق میں دھرنا دیا جا رہا ہے جس کے باعث روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے، مظاہرین کی جانب سے سڑکوں کو ٹائر جلا کر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم فلسطینیوں کی نسل کشی برداشت نہیں کر سکتی، قوم فلسطینیوں سے اظہار محبت اور اسرائیل امریکا کی مذمت کرے۔

مزید پڑھیں:  نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے سعودی سفیر کی ملاقات،اہم امور پر تبادلہ خیال