ویب ڈیسک: اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کیلئے خیبرپختونخوا بھر میں احتجاج جاری ہے، اس دوران کاوباری مراکز بند ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کیلئے خیبرپختونخوا بھر میں احتجاج جاری ہے، اس دوران خیبرپختونخوا کے دارالحکومت اور قدیمی شہر پشاور سمیت صوبہ کے دیگر اضلاع میں بھی فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے شٹرڈاون ہڑتال کے باعث قصہ خوانی بازار، چوک یادگار، اشرف روڈ، چوک ناصر خان اور خیبر بازار میں دکانیں بند ہیں، اہم شاہراؤں پر چھوٹی بڑی مارکیٹیں اور شاپنگ مالز بھی بند ہیں، یہاں ٹریفک روانی بھی انتہائی کم دیکھی جا رہی ہے۔
ضلع مالاکنڈ میں مکمل شٹرڈاون ہڑتال، سڑکیں سنسان
خیبرپختونخوا کے ضلع مالاکنڈ اور اس کی تمام تحصیلوں میں اسرائِیلی مظالم کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے مکمل شٹرڈاون ہڑتال کیا جا رہا ہے، درگئی، سخاکوٹ، بٹ خیلہ اور تھانہ کے کاروباری مراکز بند ہیں۔
احتجاج کرتے ہوئے ضلع بھر کے تمام نجی تعلیمی ادارے بھی بند ہیں، جبکہ درگئی سخاکوٹ اور بٹ خیلہ میں اج احتجاجی مظاہرے بھی ہونگے۔
ضلع مردان کی تحصیل کاٹلنگ میں شٹر ڈاون
کاٹلنگ میں بھی فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کے لیے شٹرڈاون ہڑتال کیا جا رہا ہے، اس دوران نکالی گئی ریلی میں جماعت اسلامی، تاجر، کیمسٹ، ٹرانسپورٹرز نے بھرپور شرکت کی۔
مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں علاقہ کی تمام مارکیٹیں بند ہیں، جبکہ ٹریفک نہ ہونے کی وجہ سے سڑکیں سنسان پڑی ہیں، عوام کی بڑی تعداد فلسطینیوں کے حق میں سڑکوں پر نکل آئی ہے۔
فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف کاٹلنگ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں مرکزی تنظیم تاجران و دیگر تنظیموں نے بھرپور شرکت کی، اس موقع پر دیکھنے میں ایا کہ فلسطین کی حمایت میں عوام، تاجر، سیاسی جماعتیں سب ایک مٹھی کی مانند یکجا ہوئے ہِیں۔
کاٹلنگ میں فلسطینی عوام کی حمایت پر فضا نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی، جبکہ اس موقع پر اسرئیلی مصنوعات سے باٸکاٹ کا اعلان بھی کیا گیا۔
تحصیل رستم میں تمام کاروبار بند، سڑکیں سنسان
ضلع مردان کی تحصیل رستم میں بھی دیگر علاقوں کی طرح فلسطینیوں سے اطہار یکجہتی کیلئے شٹر ڈاون ہڑتال کی گئی، اس دوران تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے کارکن ختم نبوت چوک میں جمع ہوئے، اور اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کے حق نعرہ بازی کی۔
شٹر ڈاون ہڑتال کی وجہ سے ختم نبوت چوک صبح سے ہر قسم ٹریفک کیلئے بند رہا، اس احتجاج میں تنظیم تاجران اور سول سوسائٹی کے عہدیداروں نے بھرپور شرکت کی۔
چارسدہ میں جماعت اسلامی اور تاجر تنظیموں کی گرینڈ ریلی
فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی اور تاجر تنظیموں کی گرینڈ ریلی ضلع چارسدہ میں بھی نکالی گئی، اس دوران چارسدہ بازار سمیت تنگی، عمرزئی سمیت ضلع بھر میں ریلیاں ،مظاہرے اور شٹر ڈاؤن رہا، اور تمام کاروباری مراکز بند رہے۔
ریلی میں جماعت اسلامی کے امیر شاہ حسین ایڈووکیٹ ،تاجر رھنماوں حکیم اللہ فوجی، لعل محمد لعل، افتحار حسین اور دیگر نے شرکت کی۔ ریلی بازاروں سے گزرتی ہوئی چارسدہ کے فاروق اعظم چوک میں احتجاجی جلسہ کی صورت اختیار کر گئی۔
اس دوران چارسدہ بازار کی فضائیں نعرہ تکبیر اللہ اکبر سبیلنا سبیلنا الجہاد الجہاد کے نعروں سے گونج اٹھی، جلسہ میں اسرائیلی مصنوعات کے خرید و فروخت سے مکمل بائیکاٹ کا اعلان بھی کیا گیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ اسرائیل امریکہ اور ان کے اتحادیوں کا فلسطینیوں کے اوپر ظلم و بربریت کی مذمت کی گئی، قبلہ اول بیت المقدس کی ازادی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، انہوں نے پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک سے اسرائیل کو بھرپور جواب دینے کا مطالبہ کر دیا۔
دیر بالا میں اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ
فلسطینیوں کے حق میں مکمل شٹر ڈاون ہڑتال کرنے کے ساتھ ساتھ ریلی ضلع دیر بالا میں بھی نکالی گئی، اس دوران ضلعی بھر کے تمام کاروباری مراکز بند رہے، مقررین کی جانب سے اس دوران اسرائیلی برانڈ کا مکمل بائیکاٹ کیا گیا، جبکہ سینکڑوں رکشوں پر مشتمل احتجاجی جلوس ہیڈ کوارٹر دیر کی جانب رواں رہا۔
لوئر دیر میں اسرائیلی مظالم کے خلاف مکمل ہڑتال
ضلع لوئر دیر میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح تمام چھوٹے بڑے تجارتی مراکز بند رہے، تالاش،ادینزی،ثمرباغ،میدان اور ہیڈ کوارٹر تیمرگرہ میں جماعت اسلامی اور تاجر تنظیموں کی اپیل پر اسرائیلی مظالم کے خلاف مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔
ہڑتال کے موقع پر تمام پرائیویٹ تعلیمی ادارے بھی بند رہے، اس دوران مقررین نے بتایا کہ مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی منعقد کیے جائیں گے۔
اسرائیلی مظالم کیخلاف ضلع نوشہرہ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال
فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی کیلئے مرکزی انجمن تاجران کی کال پر ہڑتال جاری ہے، اس دوران تمام کاروباری مراکز سمیت نوشہرہ کینٹ بازار بھی بند ہے، جہاں تجارتی مراکز سنسان پڑے ہیں۔
اس دوران تاجر برادری کی جانب سے اسرائیلی مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا، اور مطالبہ کیا گیا کہ نہتے فلسطینیوں پر ظلم بند کئے جائیں، انجمن تاجران کا اسرائیلی مصنوعات نہ بیچنے کا اعلان بھی اس موقع پر کیا گیا۔ نوشہرہ کی تاجر برادری کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کیساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں، اسرائیلی حکومت کے مظالم کیخلاف ہر قسم قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔
شٹرڈاون ہڑتال ضلع ہنگو میں بھی جاری رہا
فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ضلع ہنگو بھر میں شٹرڈاون ہڑتال کیا گیا، اس دوران ضلع بھر میں تجارتی مراکز، بازار، مارکیٹس اور ہوٹل بند کر دیئے گئے۔ اس سلسلے میں صدر ٹریڈ یونین ظفر اقبال کا کہنا تھا کہ فلسطین مظلوم مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی اور اسرائیل کے خلاف شٹرڈاون ہڑتال کیا ہے۔ یاد رہے کہ اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کیلئے خیبرپختونخوا بھر میں احتجاج جاری ہے، اس دوران کاوباری مراکز بند ہیں۔
ضلع مردان میں بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف ہڑتال جاری
ملک کے دیگر حصوں کی طرح ضلع مردان کے تمام چھوٹے بڑے تجارتی مراکز بند، ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے، جماعت اسلامی اور تاجر تنظیموں کی اپیل پر اسرائیلی مظالم کے خلاف مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی ہے، تمام پرائیویٹ تعلیمی ادارے بھی اس دوران بند ہیں، مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئی ہیں.
ضلع خیبر میں مکمل شٹرل ڈاؤن ہڑتال ، بازار بند، اسرائیلی مظالم بند کرنے کا مطالبہ
ضلع خیبر میں بھی غزہ میں اسرائیلی بربریت کے خلاف تاجر برادری سراپا احتجاج ہے، جمرود ،باڑہ ،لنڈی کوتل میںانجمن تاجران کی کال پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کیا گیا ہے. اس دوران خیبر میں تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں مکمل بند ہیں، جبکہ اس دوران پاک افغان شاہراہِ بھی بند کی گئی ہے.
ہڑتال کے موقع پر نکالی گئی ریلی میں تاجروں کی جانب سے غزہ پر اسرائیلی مظالم بند کروانے کا مطالبہ کیا گیا.
