ویب ڈیسک:9 مئی کے حوالے سے درج مقدمات کے اڈیالہ جیل میں ٹرائل منسوخ کر دیئے گئے ہیں، تاہم عدالت نے ان مقدمات میں فرد جرم کی تاریخ مقرر کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو 9 مئی کے مقدمات کی سماعت ہوئی، اس دوران قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، شیخ رشید، سرکاری پراسیکیوٹرز اور وکلائے صفائی عدالت پہنچے، اس دوران ملزمان میں کیسز کی نقول تقسیم کی گئیں۔
سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی عدالتی روبکار پر حاضری لگائی گئی، جبکہ دیگر ملزمان کی حاضری معافی کی آنے والی تمام درخواستیں بھی منظور کر لی گئیں۔
بعد ازاں عدالت نے 9 مئی کے 3 مقدمات میں 3 مئی کو فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کی، جبکہ باقی 10 مقدمات کے چالان بھی آئندہ تاریخ پر پیش کرنے کا حکم دے دیا اور ساتھ ہی عدالت نے 13 مقدمات کی سماعت 3 مئی تک ملتوی کردی۔ یاد رہے 9 مئی کے حوالے سے درج مقدمات کے اڈیالہ جیل میں ٹرائل منسوخ کر دیئے گئے ہیں، تاہم عدالت نے ان مقدمات میں فرد جرم کی تاریخ مقرر کردی۔
