ویب ڈیسک: آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے وژن اور آر پی او کوہاٹ عباس مجید مروت کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے کوہاٹ پولیس کے دہشتگردوں و سہولتکاروں کیخلاف آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران جہاں متعدد تھکانے مسمار کئے گئے وہیں متعدد مشتبہ افراد گرفتار کر لئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے وژن اور آر پی او کوہاٹ عباس مجید مروت کی ہدایات پر عملدرآمد جاری ہے، اس دران کوہاٹ پولیس کی جانب سے دہشتگردوں سمیت ریکارڈ یافتہ اشتہاری مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف گرینڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کئے گئے۔
کوہاٹ پولیس کے دہشتگردوں و سہولتکاروں کیخلاف ہونے والے ان آپریشنز میں دہشتگردوں اور اشتہاریوں کے متعدد ٹھکانے مسمار کر دیے گئے، سرچ آپریشنز ایس پی صدر صنوبر خان کی براہ راست نگرانی میں مکمل کیے گئے، جبکہ یہ آپریشنز تھانہ شکردرہ کے دور افتادہ اور پہاڑی علاقوں میں کئے گئے۔
ہفتے کو علی الصبح ڈی ایس پی لاچی، ایس ایچ او شکردرہ اور ایس ایچ او لاچی کی قیادت میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کئے گئے، اس دوران ٹارگٹڈ کارروائیاں بھی کی گئیں، اس دوران اشتہاریوں کے سہولت کاروں سمیت متعدد مشتبہ افراد گرفتار کئے گئے، جبکہ ان گرفتار ہونے والوں کو مزید تفتیش کے لیے تھانہ شکردرہ منتقل کر دیا گیا۔
ڈی پی او کوہاٹ ڈاکٹر زاہد اللہ خان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو کوہاٹ میں کسی قسم کی محفوظ پناہ گاہ قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ ضلع کوہاٹ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔
