ویب ڈیسک: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت نے دراندازی کی یا حملہ کیا تو اسے متناسب سے زیادہ جواب دیا جائیگا۔
روسی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے دراندازی کی یا حملہ کیا تو پھر متناسب سے زیادہ جواب دیا جائے گا، ہم کشیدگی بڑھانا نہیں چاہتے اور نہ ہی کسی اقدام میں پہل چاہتے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے خطرہ ابھی بھی موجود ہے، بھارت نے ایسے ہی ڈرامہ نہیں رچایا، پہلگام حملے کی ساکھ پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، ہمیں اس دشمن کا سامنا ہے جس پر اعتبار نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ اصل دہشتگرد تو مودی خود ہے، امریکا اور کینیڈا نے مودی پر دہشتگردی کا الزام لگایا جس کی اس نے تردید نہیں کی، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں جو ہورہا ہے اس میں بھارت ملوث ہے۔
وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت اگر وزیراعظم کی پیشکش قبول کرتا ہے تواچھی بات ہے، ابھی ٹینشن کم نہیں ہوئی۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ چین ہمارا ہمسایہ ملک ہے، چین سارے مسائل کو سمجھتا ہے، وزیراعظم نے کہا ہے دنیا کا کوئی بھی ملک پہلگام واقعہ کی تحقیقات کر لے۔
