ویب ڈیسک: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور پاک بھارت کشیدگی و خطے کی صورتحال پر گفتگو کی ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ٹیلیفونک رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسحاق ڈار نے سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی کوعلاقائی صورتحال پر بریفنگ دی۔
ٹیلیفونک بات چیت کے دوران اسحاق ڈارنے بھارت کے یکطرفہ اقدامات کے ساتھ بے بنیاد پروپیگنڈے کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کیا۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہناہے کہ نائب وزیراعظم نے چین کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نائب وزیراعظم نے پاک چین دوستی اور شراکت داری کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔
بیان کے مطابق نائب وزیراعظم نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم پر زور دیا۔
دونوں اطراف نے علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا فریقین نے باہمی احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور تسلط پسندانہ پالیسیوں کی مشترکہ مخالفت کی۔
