ویب ڈیسک: خطے کو مشکلات سے دوچار کرنے والے بھارت کی طرف افغانستان نے دوستی کا ہاتھ بڑھا دیا، موجودہ صورتحال میں جہاں پاکستان نے بھارت کیساتھ مکمل روابط ختم کر دیئے، وہیں افغانستان کی بھارتی تاجروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی ہے۔
ایران، افغانستان اور پاکستان کے لیے بھارت کے خصوصی مندوب آنند پرکاش سے افغان عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی کی ملاقات ہوئی، اس دوران جہاں دو طرفہ سیاسی اور تجارتی تعلقات پر بات چیت ہوئی، وہیں علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
افغان وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات میں امیر خان متقی نے بھارت افغان سفارتی اور تجارتی تعلقات میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا، اس کے ساتھ ساتھ افغانستان کی بھارتی تاجروں کو سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی گئی۔
امیر خان متقی نے بھارت سے افغان تاجروں، طلبا اور مریضوں کی ویزہ سروس بحال کرنے کا مطالبہ بھی کیا، اور کہا کہ افغانستان میں اس وقت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار مواقع موجود ہیں، جن سے بھارتی سرمایہ کاروں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔
افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی مندوب نے افغانستان سے تعلقات کو اہم قرار دیا اور افغانستان کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
