مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب

وزیراعظم شہباز شریف نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کر لیا

ویب ڈیسک: صوبائی حکومت کی درخواست پر وزیراعظم شہباز شریف نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج ہی طلب کرلیا، اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزراء سمیت 25 شرکاء کو خصوصی دعوت نامہ ارسال، اجلاس میں نئی نہریں نکالنے کے معاملے پر غور کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہےکہ صوبائی حکومت کی درخواست پر وزیراعظم شہباز شریف نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج ہی طلب کرلیا ہے، یہ اجلاس دو مئی کو شیڈول تھا، تاہم سندھ حکومت کی درخواست پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج شام طلب کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں نئی نہریں نکالنے کے معاملے پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزراء سمیت 25 شرکاء کو خصوصی دعوت دی گئی ہے، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ سی سی آئی میں آج کینالز کے معاملے کا فیصلہ ہوجائے گا.
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ کی طرف سے وزیر اعلیٰ سندھ سی سی آئی اجلاس میں شرکت کریں گے جب کہ بلاول بھٹو اور وزیر اعظم کی جو بات چیت ہوئی اس کے تحت فیصلہ ہوگا، یوں کینالز کی تعمیر کا مسئلہ ختم ہوجائے گا۔ صوبہ میں‌ہونے والے احتجاج کے باعث راستوں کی بندش سے لوگوں کو بہت زیادہ مسائل تھے،گڈز ٹرانسپورٹ رکی ہوئی ہے، کسانوں اور تاجروں کو نقصان ہورہا تھا جب کہ راستوں کی بندش سے مال مویشی کا کاروبار کرنے والوں کو بہت مشکلات تھیں۔
یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف نے چند روز قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد سے ملاقات کے بعد بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں باہمی رضامندی تک نہریں نہیں بنیں گی، بلاول بھٹو نے پیپلزپارٹی اور سندھ کے عوام کے تحفظات سننے اور اقدامات کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا تھا۔

مزید پڑھیں:  کوہستان کرپشن سکینڈل:سی این ڈبلیوہیڈکلرک کےگھرسےکروڑوں روپےاورسونابرآمد