ویب ڈیسک: گورنمنٹ کالج پشاور کے باہر طلبہ کی ہوائی فائرنگ کے موقع پر پولیس کارروائی نہ کر سکی، حالانکہ وین باہر موجود رہی۔
گورنمنٹ کالج پشاور کے باہر طلبہ نے امتحان کے بعد ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا، طلبہ نے پرچہ دینے کے بعد پاکٹ گائیڈز اور پرچہ ہوا میں اڑا کر ہوائی فائرنگ کی، یہ واقعہ کالج کے باہر پیش آیا، جہاں پولیس کی موبائل وین بھی موجود تھی۔
طلبہ کی ہوائی فائرنگ کے باوجود پولیس فائرنگ کرنے والے طلبہ کے خلاف کوئی کارروائی کرنے میں ناکام رہی۔ شہریوں نے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ طلبہ کے ہاتھوں میں اسلحہ دیکھ کر احساس ہوتا ہے کہ یہ ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ عوام کے لیے خوف کا باعث بن گیا ہے اور سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ پولیس اس طرح کی صورتحال کو روکنے میں کیوں ناکام رہی۔
