ویب ڈیسک: پاکستان میں ذیعقد 1446ہجری کا چاند نظر آگیا، مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کردیا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں ملک کے مختلف علاقوں سے ذی قعد کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔
کمیٹی نے شہاتیں تسلیم کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ذیقعد کا چاند نظر آگیا ہے، کل بروز منگل 29 اپریل کو یکم ذیقعد 1446ہجری ہوگی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔
اس سے قبل سپارکو نے پیشگوئی کی تھی کہ ذی القعد 1446 ہجری کے نئے چاند کی پیدائش 28 اپریل 2025 کی رات 12:31 پر متوقع ہے۔ 28 اپریل کو غروب آفتاب کے وقت، نئے چاند کی عمر تقریبا 18 گھنٹے اور 51 منٹ ہوگی۔
ملک کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور چاند غروب کے درمیان کا دورانیہ 53 منٹ ہونے کی توقع ہے، جو نئے چاند کی رویت کے لیے سازگار حالات فراہم کرے گی۔
