الٹرا سائونڈ مشین چوری

باجوڑ میں ڈی ایچ کیو ہسپتال سے الٹرا سائونڈ مشین چوری

ویب ڈیسک: ضلع باجوڑ میں ڈی ایچ کیو ہسپتال سے الٹرا سائونڈ مشین چوری ہو گئی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے محکمہ صحت کو متعلقہ اہلکاروں کیخلاف سخت ایکشن لینے کی سفارش کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق باجوڑ خار کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے دن دیہاڑے الٹراسائونڈ مشین چوری ہوگئی، جس پر ہسپتال کی انتظامیہ نے خاموشی اختیار کی تاہم ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے اس چوری کا بھانڈا پھوڑتے ہوئے محکمہ صحت کو متعلقہ اہلکاروں کیخلاف سخت ایکشن لینے کی سفارش کردی ہے۔
اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی جانب سے محکمہ صحت کو بھیجے گئے مراسلہ کے مطابق26 اپریل کو دوپہر 3 بجے ڈی ایچ کیو ہسپتال خار سے الٹراسائونڈ مشین چوری ہو گئی ہے، تاہم ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے نہ تو مقامی پولیس میں ایف آئی آر درج کرائی اور نہ ہی ذمہ دار عملے کے خلاف کوئی کارروائی کی ہے۔
مراسلہ کے مطابق بعد ازاں ضلعی انتظامیہ کی مداخلت کے بعد گزشتہ روز ایف آئی آر درج کرائی گئی جس میں چوروں کی گرفتاری کی ہدایت کی گئی ہے۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ہسپتال میں درجنوں چوکیداروں کے باوجود مشین کی چوری انتظامیہ کی کمزوری کو ظاہر کرتی ہے۔
مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ متعلقہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور عوامی مفاد میں ہسپتال کو فوری طور پر نئی الٹراسائونڈ مشین فراہم کی جائے۔ یاد رہے کہ ضلع باجوڑ میں ڈی ایچ کیو ہسپتال سے الٹرا سائونڈ مشین چوری ہو گئی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے محکمہ صحت کو متعلقہ اہلکاروں کیخلاف سخت ایکشن لینے کی سفارش کر دی گئی۔

مزید پڑھیں:  میکسیکو کا بحری جہاز امریکی بروکلین پل سے ٹکرا گیا،متعدد افرادزخمی