ویب ڈیسک: مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولہ میں ایل او سی کے قریب بھارتی فوج کی یونٹوں میں جھڑپ کے نتیجے میں 5 سکھ فوجی ہلاک ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی دو یونٹوں کے درمیان 25 اور 26 اپریل کی درمیانی شب لائن آف کنٹرول کے قریب جاپالہ بریج کے مقام پر جھڑپ ہوئی، اس جھڑپ کے نتیجے میں 5 سکھ فوجی ہلاک ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بارہ مولہ میں تعینات بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس نے گشت کے دوران غلط فہمی میں 12 بریگیڈ کی 13 سکھ لائٹ انفنٹری رجمنٹ پر فائرنگ کر دی، اس دوران 5 سکھ فوجی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ دفاعی ماہرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ واقعہ بھارتی فوج میں بڑھتی بوکھلاہٹ اور اندرونی خلفشار کا مظہر ہے، اور یہ پہلا موقع بھی نہیں جب بھارتی افواج کی مختلف یونٹوں کے درمیان ٹاکرا ہوا ہو۔
ذرائع کے مطابق 13 سکھ لائٹ انفنٹری کے فوجیوں میں واقعے پر شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، جس نے بھارتی فوج کے اندرونی نظم و ضبط اور قیادت پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ دفاعی ماہرین کے مطابق بھارت کی اندرونی فوجی کشمکش کسی فالس فلیگ آپریشن یا بدنیتی پر مبنی کارروائی کی تیاری کا عندیہ بھی ہو سکتی ہے۔
