عمران خان سے ملاقات نہ ہوسکی

عمران خان سے آج بھی بہنوں، رہنماؤں اور وکلا کی ملاقات نہ ہوسکی

ویب ڈیسک: عدالتی حکم کے باوجود اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان سے آج بھی بہنوں ، پارٹی رہنماؤں اور وکلاء کی ملاقات نہ ہو سکی ۔
اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم عمران خان سے ملنے ان کی بہنیں اور متعدد رہنما و وکلا پہنچے مگر عدالتی حکم کے باوجود انہیں پولیس ناکے پر روک دیا گیاجس کے باعث ملاقات نہ ہوسکی۔
بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان، نورین نیازی اور عظمی خان اور کزن قاسم خان کو پولیس نے گورکھپور ناکے پر روک دیا، اڈیالہ جیل کے باہر پہنچنے والے وکلا کو پولیس نے جیل کے داخلی دروازے سے ہٹا دیا، پولیس نے وکلا کی گاڑیاں بھی جیل کے داخلی دروازے سے ہٹادیں جس پر پولیس اور وکلا کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔
بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نے گورکھ پور ناکے سے جیل تک مارچ شروع کردیا۔
علیمہ خان، عظمی خان، نورین خان اور قاسم خان اڈیالہ روڈ پر پیدل چلتے رہے،فیملی نے اڈیالہ جیل گیٹ نمبر پانچ جانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے نجی فارما سوٹیکل کمپنی کے سامنے قائم ناکہ پر انہیں روک دیا، خاتون پولیس اہلکار سے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی دھکم پیل بھی ہوئی۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کو بھی پولیس بے داہگل ناکے پر روک دیا۔ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کو داہگل ناکے پر روک لیا گیا۔
بیرسٹر گوہر خان نے میڈیا ٹاک میں کہا کہ ملاقاتوں میں رکاوٹ ڈالنا غیر مناسب ہے، عدالتی احکامات کی مسلسل خلاف ورزی ہورہی ہے، لارجر بنچ اور سنگل بینچز کے آرڈر موجود ہیں، ابھی تک ایک بھی عدالتی آرڈر پر عمل نہیں ہوا، جب ہم انڈیا کے خلاف متحد ہوکر جنگ لڑنے کی بات کرتے ہیں تو ایسے میں رکاوٹیں ڈالنا نامناسب عمل ہے، بانی پی ٹی آئی پاکستان کے مقبول لیڈر ہیں ان سے ایسے حالات میں مشاورت ضروری ہے چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات میں انہیں بتایا کہ آپ اپنے احکامات پر عمل درآمد کرائیں۔

مزید پڑھیں:  بھارتی فوج کانہتے پاکستانی شہریوں پر حملے کرکےجنگی جرائم کاارتکاب