ویب ڈیسک: امریکی نائب صدر نے یوکرین میں ایٹمی جنگ کا خطرہ ظاہر کر دیا، ساتھ ہی انہوں نے ایک بات پھر جنگ بندی پر زور دیا۔
جے ڈی وینس نے یوکرین میں ایٹمی جنگ کا خطرہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین میں جنگ بندی نہ ہوئی تو حالات مزید بگڑ سکتے ہیں، جس کا فائدہ کسی کو نہیں ہوگا، اور ہر طرف تباہی ہی تباہی ہوگی۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایک انٹرویو میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت کی پالیسی یوکرین تنازع کا خاتمہ ہے، سیز فائر میں تاخیر کا نتیجہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال میں نمودار ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ روسی صدر نے سیز فائر کا اعلان کرنے کے ساتھ ہی یوکرین کو خبردار کیا تھا کہ اگر سیز فائر کی خلاف ورزی ہوئی تو ہماری افواج مؤثر جواب دیں گی، کریملن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ روس سمجھتا ہے کہ یوکرین کو بھی اس (سیز فائر) پر عمل کرنا چاہئے۔
