ویب ڈیسک: پاک بھارت کشیدگی کے حالیہ تنآظر میں پاکستان کے دفاعی عہدیدار ہائی کمیشنز چھوڑ کر وطن لوٹ آئے جنہیں بھارت میں ناپسندیدہ افراد قرار دیدیا گیا تھا، جبکہ پاکستان نے بھی بھارتی ہائی کمیشن کے دفاعی حکام کو بےدخل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک بھارت جاری کشیدگی کے تناظر میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے دفاعی عہدیداروں کو وطن واپس بلا لیا ہے۔ پاکستان ہائی کمیشن دہلی میں تعینات ملٹری، فضائی اور نیول ایڈوائزرز نے بھارتی حکومت کے حکم پر نئی دہلی چھوڑ دی اور وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔
بھارتی حکومت کی جانب سے تینوں پاکستانی دفاعی عہدیداروں کو ناپسندیدہ افراد قرار دے کر ایک ہفتے کے اندر ملک چھوڑنے کی ہدایت دی تھی، اس کے جواب میں پاکستان نے بھی اسلام آباد میں تعینات بھارتی ہائی کمیشن کے دفاعی حکام کو بےدخل کر دیا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے بعد پاکستان اور بھارت کے ہائی کمیشنز میں عملے کی مجموعی تعداد محدود ہو کر صرف 30 رہ گئی ہے۔ یہ پیشرفت دونوں ممالک کے درمیان سفارتی سطح پر موجود تناؤ کی شدت کو مزید ظاہر کرتی ہے۔ دفاعی عہدیداروں کی واپسی کو سنجیدہ سفارتی اشارہ سمجھا جاتا ہے، جو مستقبل میں سفارتی روابط کی نوعیت اور سیکیورٹی صورتحال پر گہرے اثرات ڈال سکتا ہے۔
