ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ معدنیات بل پر مفروضوں کی سیاست بند کی جائے، معدنیات بل پر تحفظات بے بنیاد ہیں، کیونکہ صوبائی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیںکیا جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ معدنیات بل پر مفروضوں کی سیاست بند کی جائے، کسی صورت صوبائی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ مجوزہ معدنیات بل میں کسی بھی ادارے یا فریق کو صوبائی اختیارات دینے کی کوئی شق شامل نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والے مفروضے حقیقت کے برعکس ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ معدنیات بل پر بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، حالانکہ بل میں واضح طور پر درج ہے کہ نہ تو وفاقی حکومت اور نہ ہی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کو کسی قسم کا اختیار دیا جا رہا ہے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ جو افراد اعتراض کر رہے ہیں، انہیں چاہیے کہ خود بل کا مطالعہ کریں، اگر سمجھ نہ آئے تو کسی قانونی ماہر سے رجوع کریں، بغیر مطالعے کے بیانیہ گھڑنا مناسب طرزِ سیاست نہیں، موجودہ نظام کے تحت بھی مائنز اینڈ منرلز کے شعبے میں ریونیو میں 3.5 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو بل میں ضروری ترامیم کی جائیں گی، مگر صوبائی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تمام حلقوں سے اپیل ہے کہ وہ مفروضوں کے بجائے حقائق کی بنیاد پر رائے قائم کریں تاکہ صوبے کے مفادات کو غیر ضروری سیاسی تنازعات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
