ویب ڈیسک: کورکمانڈر پشاور کی ڈی آئی خان اور ٹانک کے عمائدین سے اہم نشست ہوئی ہےم جس میں شرکاء نے امن و امان کی بحالی کیلئے افواجِ پاکستان کے غیر متزلزل جذبے اور قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، اس موقع پر انہوںنے کہا کہ دہشتگرد اور ان سے جڑے تمام لوگوں کیخلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں.
ذرائع کے مطابق ڈی آئی خان میں پاک فوج کے زیر اہتمام کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری کی ڈی آئی خان اور ٹانک کے عمائدین سے اہم نشست ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں عمائدین، مشران، مشائخ دین، مقامی صحافی اور بڑی تعداد میں سول انتظامیہ کے لوگوں نے شرکت کی۔
کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری تقریب کے مہمان خصوصی تھے، شرکاء نے امن و امان کی بحالی کیلئے افواجِ پاکستان کے غیر متزلزل جذبے اور قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
شرکاء نے دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج اور ریاستی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا عزم دہرایا، کور کمانڈر نے عمائدین و مشران سے تفصیلی گفتگو کی اور انکے مسائل سنے۔
کور کمانڈر نے شرکاء کو یقین دلایا کہ پاک فوج علاقے میں نہ صرف امن و امان کی بحالی یقینی بنائے گی بلکہ علاقائی ترقی اور خوشحالی میں بھی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، دہشتگرد اور ان سے جڑے تمام لوگوں کیخلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں، ان کے پاس بچنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ وہ پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کے سامنے ہتھیار ڈال دیں۔
عمائدین و مشران نے تعلیم و صحت خصوصاً نوجوانوں اور بچیوں کے لے تعلیم کے حوالے سے پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر تقریب کے شرکاء نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ جھوٹ کا سہارا لیکر پاکستان پر الزام تراشی کی، ہندوستان کا ناپاک چہرہ پوری دنیا دیکھ چکی ہے۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہلے پلوامہ اور اب پہلگام کروایا۔ پہلگام کا واقعہ خود بھارتی سیکورٹی اداروں پر سوالیہ نشان ہے، بھارت کی جرات نہیں کہ وہ پاکستان پر حملہ کرے اور اگر یہ غلطی کر بیٹھا تو منہ کی کھائے گا۔
