ویب ڈیسک: پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر دشمن کی جارحیت کا بھر پور منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کئی مورچے تباہ کردیئے ۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیزفائر کی خلاف ورزی کی گئی، جس پر پاک فوج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کے کئی مورچے تباہ کردیئے ۔
پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارت کی جانب سے مسلسل جارحانہ اقدامات کیے جا رہے ہیں،29اور 30اپریل کی درمیانی شب لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔
بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ میں چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، جس پر پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دیا، پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے موثر جواب سے دشمن کو خاموش کرایا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کے موثر جواب سے دشمن کے متعدد مورچے تباہ ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، جن میں مقبوضہ کشمیر میں واقع لائن آف کنٹرول پر بھارتی چکپترا پوسٹ کو تباہ کر دیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی طرف سے اشتعال انگیزی اس کے جنگی جنون کی غماز ہے،پاک فوج ملکی سالمیت کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
