ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ40ارب روپے کا مبینہ سکینڈل موجودہ حکومت سے کسی طور منسلک نہیں، وزیراعلیٰ نے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے ۔
خیبر پختونخوا میں 40ارب روپے کی مبینہ کرپشن سکینڈل پر ردعمل دیتے ہوئے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے 40 ارب روپے کے مبینہ اسکینڈل کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے اینٹی کرپشن سمیت تمام متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مبینہاسکینڈل موجودہ حکومت سے کسی طور منسلک نہیں، معاملہ سابقہ حکومت کے دوران پیش آیا ہے جبکہ بینکوں سے رقوم نکالنے کا عمل نگران حکومت کے دور میں ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کرپشن کی روک تھام کے لیے سخت قوانین نافذ کیے ہیں، سکینڈل میں ملوث محکمے کے اہلکاروں سمیت تمام ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ کرپشن میں ملوث افراد کو ہر صورت قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
