عالمی یوم مزدور دنیا بھر کی

عالمی یوم مزدور دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج منایا جائیگا

ویب ڈیسک: عالمی یوم مزدور دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج منایا جائیگا، اس حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سنے آج یکم مئی بروز جمعرات ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
ملک بھر میں مزدوروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تمام سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی ادارے اور مارکیٹیں بند رہیں گی۔ اس کے علاوہ بینک دولت پاکستان سمیت دیگر بینک بھی عام تعطیل کے باعث بند رہیں گے۔
یاد رہے پاکستان میں مزدوروں کا دن ہر سال محنت کش طبقے کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کے حقوق اور فلاح و بہبود کے فروغ کیلئے منایا جاتا ہے۔
عالمی یوم مزدور کا پس منظر
عالمی یوم مزدور ایک تاریخ رکھتی ہے، یہ 1886 کا واقعہ ہے جب امریکہ میں ٹریڈ یونینز نے برطانوی سماجی مصلح رابرٹ اوون کے پیغام کی بنیاد پر دن میں آٹھ گھنٹے کے اوقاتِ کار کا مطالبہ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر ہڑتالیں شروع کیں۔
رابرٹ اوون نے آٹھ گھنٹے کام کرنے کا خیال دن کو تین حصوں میں تقسیم کرنے یعنی ’آٹھ گھنٹے محنت، آٹھ گھنٹے تفریح، آٹھ گھنٹے آرام‘ کے نعرے کے ساتھ وضع کیا تھا جبکہ یہ ان دنوں کی بات ہے جب کارخانوں میں کام کے اوقات یا چھٹی کا دن مقرر کیے بغیر سخت محنت مزدوری کرنا معمول تھا۔
اس سلسلے میں سب سے بڑی ہڑتال یکم مئی کو شکاگو میں کی گئی اور ایک اندازے کے مطابق اس دن احتجاج کے لیے وہاں 40 ہزار کارکن جمع ہوئے۔ شکاگو احتجاج کو کاروباری اور سیاسی حلقوں کی طرف سے ناپسندکیا گیا۔
اس وجہ سے کشیدگی عروج پر پہنچ گئی اور پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
پولیس کی سختی سے مشتعل مزدور رہنماؤں اور ہڑتال کرنے والے مظاہرین نے چار مئی کو شکاگو کے مشہور ہے مارکیٹ سکوائر پر مظاہروں کا اہتمام کیا۔ اس دن ایک نامعلوم حملہ آور نے پولیس اہلکاروں پر بم پھینک دیا اور دھماکے اور اس کے بعد ہونے والی فائرنگ کی وجہ سے سات پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
اس کے بعد 1889 میں 20 ممالک کی سوشلسٹ اور مزدور جماعتوں اور ٹریڈ یونینز کے نمائندوں کے اجلاس میں یکم مئی کو ان واقعات کی یاد میں یومِ مزدور منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ یاد رہے کہ عالمی یوم مزدور دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج منایا جائیگا، اس حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سنے آج یکم مئی بروز جمعرات ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور: ہم شہادتوں سے گھبرانے والے لوگ نہیں ہیں، مولانا عبدالحق ثانی