بھارتی وزیر خارجہ پر کشیدگی

امریکہ متحرک: بھارتی وزیر خارجہ پر کشیدگی میں کمی پر زور

ویب ڈیسک: پاکستان اور بھارت کے مابین جاری کشیدگی کم کرنے کیلئَے امریکہ متحرک ہو گیا، اور اس سلسلے میں پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف سے بات چیت کے بعد امریکی وزیر خارجہ نے بھارتی وزیر خارجہ پر کشیدگی میں کمی پر زور دیا ۔
تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وزیراعظم پاکستان شہبازشریف اور بھارتی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، اور اس دوران کشیدگی میں کمی لانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے پہلگام واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے، اور پاکستان اور امریکا نے دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے پر اتفاق کیا۔
مارکو روبیو نے بھارتی وزیر خارجہ پر کشیدگی میں کمی کیلئے کردار ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ پاکستانی حکام پہلگام حملے کی تحقیقات میں تعاون کیلئے تیار ہیں۔
اس حوالے سے ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ میں کہا کہ دونوں ممالک کیلئے خطے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔
امریکا نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے اور جنوبی ایشیا میں امن اور سلامتی برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے۔
امریکی وزیر خارجہ نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ٹیلی فونک رابطے میں پہلگام حملے میں جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
مارکو روبیو نے دہشت گردی کے خلاف بھارت کے ساتھ تعاون کے لیے امریکی عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا ٹیلی فونک رابطہ اس سے پہلے ہوا، جس میں وزیر اعظم نے مارکو روبیو کو جنوبی ایشیا میں حالیہ پیش رفت پر اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان نے 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی جبکہ پاکستان کو 152 ارب ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان برداشت کرنا پڑا۔
مارکو روبیو نے جنوبی ایشیا میں امن کے لیے دونوں فریقوں کے مل کر کام جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

مزید پڑھیں:  تیمرگرہ میڈیکل کالج میں بڑے مالی سکینڈل کا انکشاف، سامان خریداری میں ہیرپھیر