امریکی وزیر خارجہ کا وزیراعظم سے رابطہ

پاک بھارت کشیدگی :امریکی وزیر خارجہ کا وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ

ویب ڈیسک: امریکا کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاک بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابط کیا اور دونوں ممالک کو مل کر کام جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیرعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی سیکرٹری اسٹیٹ مارکو روبیو نے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی پر بات چیت ہوئی ۔
امریکی وزیر خارجہ سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کی جانب سے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں پر امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے سیکرٹری اسٹیٹ مارکو روبیو کو پہلگام واقعے کے بعد جنوبی ایشیا میں حالیہ پیش رفت پر پاکستان کے نکتہ نظر سے آگاہ کیا اور دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے اہم کردار کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان نے 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی اور پاکستان کو 152 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان برداشت کرنا پڑا۔
بھارت کے بڑھتے ہوئے اشتعال انگیز رویے کو انتہائی مایوس کن اور تشویش ناک قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزی اور دہشت گردی بالخصوص افغان سرزمین سے سرگرم داعش، کالعدم ٹی ٹی پی، اور بی ایل اے سمیت عسکریت پسند گروپوں کو شکست دینے کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں سے توجہ ہٹانے کا کام کر رہی ہے۔
انہوں نے پہلگام واقعے سے پاکستان کو جوڑنے کی بھارتی کوششوں کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کیا اور حقائق سامنے لانے کے لیے شفاف، قابل اعتماد اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کے مطالبے کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے امریکا پر زور دیا کہ وہ بھارت پر دبائو ڈالے کہ وہ ایسے اشتعال انگیز بیانات سے گریز کرے اور ذمہ داری سے کام لے۔

مزید پڑھیں:  کارکنوں کیخلاف مقدمات پر علیمہ خان کی خیبرپختونخوا حکومت پر شدید تنقید