ویب ڈیسک: امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ ہم لڑائی نہیں چاہتے وقار کے ساتھ امن چاہتے ہیں، لیکن اگر قومی وقار کا دفاع کرنا پڑا تو کسی قربانی سے گریز نہیں کریں گے ۔
امریکہ میں تعینات پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی جریدے نیوز کو دیے گئے انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو ٹرمپ انتظامیہ سے توقع ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل میں تعمیری کردار ادا کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دنیا میں جنگوں کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کا عزم قابل تحسین ہے۔
سفیر پاکستان نے خبردار کیا کہ موجودہ حالات میں کشمیر کا تنازع دو جوہری طاقتوں کے درمیان سب سے بڑا فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا، خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہوگا۔
انہوں نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات کو غیر منطقی اور بدنیتی پر مبنی قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے اور اس کے خلاف پاکستان کا مقف ہمیشہ واضح رہا ہے۔ پہلگام واقعے کو انہوں نے فالس فلیگ آپریشن قرار دیا۔
رضوان سعید شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور ترقی یافتہ خطے کا خواہاں ہے، کیونکہ معاشی ترقی کے لیے خطے میں امن ناگزیر ہے۔
