190ملین پاؤنڈ کیس: سزا کیخلاف

190ملین پاؤنڈکیس:سزاکیخلاف اپیل2025میں مقررنہیں ہوسکتا،رجسٹرارآفس اسلام آبادہائیکورٹ

ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 190ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیل 2025میں مقرر ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی کی اپیل مقرر کرنے سے متعلق تحریری رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ میں سزا کے خلاف اپیلیں صرف اپنے نمبر پر ہی سماعت کے لیے مقرر ہوں گی۔
رجسٹرار کے بیان میں مزید کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 190ملین پائونڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیل اس سال مقرر ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے فیصلوں کے مطابق فکسیشن پالیسی مرتب کی گئی، فکسیشن پالیسی کے مطابق زیر التوا کیسز اور اپیلوں کو نمٹایا جائے گا۔
رجسٹرار آفس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں اس وقت سزا یافتہ مجرموں کی 279 اپیلیں زیر التوا ہیں، سزائے موت کیخلاف 63 اور عمر قید کی سزا کے خلاف 73 اپیلیں زیر التوا ہیں، سات سال سے زائد قید کی 88 جبکہ سات سال سے کم قید کی 55 اپیلیں زیر التوا ہیں، سزائے موت کے خلاف سب سے پرانی زیر التوا اپیل 2017 کی ہے، اپیلیں دائر ہونے کے بعد اپنی اپنی باری پر مقرر ہوتی ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 14 سال قید کی سزا کے خلاف اپیل 31 جنوری 2025 کو دائر ہوئی، بانی پی ٹی آئی کی اپیل ابھی موشن اسٹیج پر ہے، اس اپیل پر پہلے پیپر بکس تیار ہوں گا اس کے بعد اپنے نمبر پر لگے گا۔
رجسٹرار آفس کا کہنا ہے کہ نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کی ڈائریکشنز کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل 2025 میں مقرر ہونے کا امکان نہیں ہے۔

مزید پڑھیں:  یورپی یونین کا اسرائیل سے تعلقات پر نظرثانی کا فیصلہ