ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورتحال کے پیش نظر سابق وزیراعظم اور پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا۔
پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی کے مشترکہ اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ موجودہ بحرانی دور میں ملک کو ایک قابل اعتماد اور متحرک قیادت کی ضرورت ہے۔
جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے، جہاں بھارت کی جانب سے دھمکیاں بڑھ رہی ہیں، ایسے میں ملک کو مضبوط قیادت کی ضرورت ہے، لیکن موجودہ حکومت خاموش اور غافل ہے جبکہ ملک کا سب سے مقبول رہنماء عمران خان جیل میں نظر بند ہے۔
پی ٹی آئی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور آر ایس ایس کے نظریات کو خطے کے امن کیلئے خطرہ قرار دیا، جبکہ بھارت کی جانب سے کسی ممکنہ جارحیت کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کو متحد ہو کر ایسے خطرات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
اعلامیے میں عمران خان کے ان الفاظ کو دہرایا گیا ہے کہ امن ہماری ترجیح ہے، لیکن اسے بزدلی نہیں سمجھنا چاہیے۔ پی ٹی آئی نے زور دے کر کہا کہ بالاکوٹ کے ہیرو عمران خان نے جیل میں رہتے ہوئے بھی پاکستان کی خودمختاری اور قومی یکجہتی کے لئے واضح موقف اختیار کیا ہے۔
پارٹی نے عمران خان کے خلاف غیرمنصفانہ مقدمات، ان کی قانونی اور خاندانی رسائی میں رکائوٹوں اور طویل عرصے سے جیل میں رکھے جانے کو قوم کیساتھ دشمنی قرار دیا۔ پی ٹی آئی نے عوامی حمایت کا حوالہ دیتے ہوئے عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تاکہ وہ ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
