ویب ڈیسک: حاضری میں لاپرواہی برتنے والے پرنسپلز کو قبلہ درست کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، تاکہ بچوں کا مستقبل تاریک ہونے سے بچایا جا سکے اور سکول کے معاملات بھی درست طور چلائے جا سکیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی نے صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں کے ہیڈ ماسٹرز، ہیڈ مسٹریسز اور پرنسپلز کو حاضری رجسٹر میں اپنی موجودگی درج کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
حاضری میں لاپرواہی برتنے والے پرنسپلز کو قبلہ درست کرنے کی ہدایت کا مقصد اساتذہ کی مجموعی ماہانہ حاضری کے ڈیٹا کو درست طریقے سے ریکارڈ کرنا ہے۔ اتھارٹی کی جانب سے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے محکمہ کو مراسلہ لکھا جا چکا ہے۔
خط میں بتایا گیا ہے کہ مارچ سے اساتذہ کی حاضری کو ریکارڈ کیا جا رہا ہے لیکن فیلڈ آفسز کی رپورٹس میں انکشاف ہوا ہے کہ سکول کے سربراہان اپنی حاضری رجسٹر میں درج نہیں کرتے جس کی وجہ سے مجموعی حاضری کا ڈیٹا نامکمل رہ جاتا ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری اسکولوں کے سربراہان کو واضح ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ اپنی حاضری لازمی طور پر رجسٹر میں درج کریں تاکہ مانیٹرنگ کا عمل موثر طریقے سے مکمل ہو سکے۔ اس سلسلے میں متعلقہ سکول سربراہان کو ہدایات جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کا یہ اقدام اساتذہ اور سکول انتظامیہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور تعلیمی معیار کو یقینی بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ اتھارٹی کے مطابق حاضری کے درست اندراج سے اسکولوں کی نگرانی میں آسانی ہوگی اور تعلیمی نظام میں شفافیت کو فروغ ملے گا۔
