خواتین و بچوں پر تشدد واقعات

خیبرپختونخوا: معاشی بدحالی کے باعث خواتین و بچوں پر تشدد واقعات میں اضافہ

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا میں معاشی بدحالی کے باعث خواتین و بچوں پر تشدد واقعات میں اضافہ ہونے لگا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں معاشی بدحالی کے باعث خواتین و بچوں پر تشدد خصوصا خواتین کے قتل واقعات میں اضافہ ہونے لگا ہے، غربت اور بیروزگاری کی وجہ سے پہلے ہی معاشرے میں دھوکہ دہی اور چوری سمیت مختلف قسم کے جرائم میں اضافہ ہورہا ہے تاہم بڑھتی مہنگائی ،کاروباری سرگرمیاں خراب ہونے اور ذریعہ آمدن میں کمی کی وجہ سے بیشتر گھرانوں میں لڑائی جھگڑے معمول بن چکے ہیں۔
یاد رہے معاشرے میں بچوں اور خواتین پر تشدد واقعات پولیس کو رپورٹ کرنے کی روایت نہیں ہے اور بہت کم کیسز تھانوں میں رپورٹ ہوتے ہیں،ماہرین کے مطابق اس وقت خیبر پختونخوا کی بیشتر آبادی غربت کا سامنا کررہی ہے اور بے روزگاروں کی تعداد بھی دن بدن بڑھ رہی ہے۔
دوسری جانب مہنگائی اور غیریقینی صورتحال کی وجہ سے کاروبارپر بھی منفی اثر پڑا ہے،اگر حالات ایسے ہی رہے اور شہریوں کی معاشی ترقی پر توجہ نہ دی گئی تو جرائم کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل مزید بڑھیں گے جس سے سب سے زیادہ گھروں میں بیٹھی خواتین اور بچے متاثر ہونگے۔
حالیہ دنوں میں ایسے کئی واقعات پیش آئے جن میں خواتین نشانہ بنی ہیں،کچھ روزقبل بڈھ بیر میں شادی سے انکار پر بھائی نے بہن کو قتل کیا توشاہ پور میں شوہر نے لیڈی کانسٹیبل کو قتل کردیا تھا، جبکہ دو روز قبل شاہ پور میں بھائی نے بہن جبکہ وزیرکالونی میں شوہر نے بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔
سماجی کارکن عمران ٹکر کے مطابق روزگار نہ ہونے یا غربت کی وجہ سے ڈپریشن و دیگر ذہنی مسائل بھی جنم لے رہے ہیں جو معاشرے میں عدم برداشت اور تشدد کاسبب بن رہے ہیں ۔ معاشرتی سطح پر شعوروآگہی کی کمی ہے، قوانین موجود ہیں لیکن عملدرآمد نہیں ہورہا۔

مزید پڑھیں:  یوم تشکر: سکردو کے طلبہ کا افواجِ پاکستان کو شاندار خراجِ تحسین