ویب ڈیسک: ملک بھر میں موسلادھار بارش اور آندھی سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، خیبرپختونخوا سمیت ملک کے دیگر صوبوں و شہروں میں موسلا دھار بارش اور آندھی سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، اس کے ساتھ ہی بجلی کا نظام بھی رنگ میں بھنگ ڈالنے لگا۔
شدید آندھی کے بعد موسلا دھار بارش کی وجہ سے لاہور میں لیسکو کے 560 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے شہر کے کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔ آندھی کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر ایک گھنٹے کیلئے فضائی آپریشن بھی معطل رہا اور جدہ، مدینہ، دبئی، شارجہ، مسقط کی پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش نے رنگ جما دیا، طوفان کے باعث سیکٹر جی 12 میں زیر تعمیر گھر کی چھت گرنے کا واقعہ بھی اس دوران ریکارڈ کیا گیا، اس گرنے والی چھت کی زد میں آکر 2 مزدور جان کی بازی ہار گئے اور 2 زخمی ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور کے علاقہ خانپور ہزارہ میں آندھی کے باعث دیوار گر گئی اور تین بچے ملبے تلے دب گئے، جن میں سے ایک جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں، مین جی ٹی روڈ پر درخت گرنے سے بھی ضلع ہری پور میں ٹریفک روانی متاثر رہی۔
گلیات میں گرج چمک کے ساتھ بارش نے موسم دلفریب بنا دیا، ملکہ کوہسار مری میں بھی بادل جم کر برسے، تلہ گنگ، کلر کہار، ہری پور، اٹک شہر اور گردونواح میں بھی موسلا دھاربارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔
