ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا سمیت دیگر علاقوں میں آج بھی آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم اس پیشگی اطلاع اور گزشتہ تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی، وسطی پنجاب اور گلگت بلتستان میں آج بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ چند مقامات پر ژالہ باری اور موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے، تاہم بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند ایک مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کی وجہ سے فیڈرٹرپ کرگئے جب کہ ملک کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش کی وجہ سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
