وزیراعظم سے کویتی سفیر کی ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے کویتی سفیر کی ملاقات، حالیہ صورتحال پرگفتگو

ویب ڈیسک: وزیر اعظم شہباز شریف سے کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمان جاسر نے ملاقات کی جس میں حالیہ صورتحال پر گفتگو کی گئی ۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے امیر عزت مآب شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر کویت اور پاکستان کے درمیان مضبوط، تاریخی، برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کے جلد از جلد پاکستان کے دورے کے منتظر ہیں، کویتی سفیر کو پہلگام واقعے کے بعد جنوبی ایشیا میں ہونے والی حالیہ صورتحال پر پاکستان کے مقف پر اعتماد میں لیا۔
وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مذمت کرتا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں گزشتہ برسوں کے دوران پاکستان نے 90 ہزار سے زائد انسانی جانوں کی قربانی دی ہے اور 152 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان اٹھایا ہے۔
شہباز شریف نے بغیر کسی ثبوت کے پہلگام واقعے سے پاکستان کو جوڑنے کے ہندوستان کے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا اور کہا کہ پاکستان اپنے موقف پر قائم ہے اور پاکستان نے عالمی برادری کو اس واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے۔
ملاقات کے دوران کویتی سفیر نے پاکستان کے موقف کو آگاہ کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ کویت علاقائی امن اور سلامتی کے لیے پاکستان کے وژن کا حامی ہے۔

مزید پڑھیں:  جوانوں کی قربانیاں مقدس امانت اور پائیدار قومی فخرکاذریعہ ہیں،صدرزرداری