ویب ڈیسک: آئی ایم ایف نے پاکستان مخالف بھارتی مطالبہ مسترد کردیا ہے جس کے بعد پاکستان کو 2اعشاریہ 3ارب ڈالر پیکیج ملنے کا امکان ہے ۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے بھارت کی جانب سے پاکستان کی امداد روکنے کا مطالبہ نظر انداز کرتے ہوئے کہا ہے کہ یگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 9 مئی کو اپنے شیڈول کے مطابق ہی ہوگا۔
نمائندہ آئی ایم ایف ماہر بنیسی نے واضح کیاہے کہ ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 9 مئی کو اپنے شیڈول کے مطابق ہی ہوگا، جس میں پاکستان کی درخواست پر بھی غور ہوگا ہم دوسرے ممالک کے خدشات پر تبصرہ نہیں کر سکتے۔
دوسری جانب وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پاکستان کو آئی ایم ایف سے 2.3 ارب ڈالر پیکیج ملنے کاامکان ہے، بورڈ کی منظوری سے پاکستان کو مجموعی طور پر 2 ارب 30 کروڑ ڈالر ملنے کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں کلائمیٹ فنانسنگ سے متعلق 1.3 ارب ڈالر کے آر ایس ایف پروگرام کی منظوری متوقع ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے فنڈز 28 ماہ میں اقساط میں ملیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ 25 مارچ 2025 کو طے پایا تھا۔
اس سے قبل بھارت نے آئی ایم ایف سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ پاکستان کو دیے گئے قرضوں کا ازسرِ نو جائزہ لے۔
