اپنی خودمختاری کے دفاع

اپنی خودمختاری کے دفاع کیلئے ہر حد تک جائیں گے: عطاء تارڑ

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ہم امن کے داعی ہیں لیکن اپنی خودمختاری کے دفاع کیلئے ہم ہر حد تک جائیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بین الاقوامی و مقامی میڈیا کے ہمراہ لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اوربھارت کی جانب سے پھیلائے گئے جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا۔
بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے کیلئے زمینی حقائق میڈیا کے سامنے پیش کئے گئے اور میڈیا کے نمائندوں کو ان مخصوص مقامات پر لے جایا گیا جنہیں بھارت کی جانب سے مبینہ دہشت گردی کے ٹھکانے قرار دیا گیا تھا۔
اس موقع پر عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے بارہا پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے گئے، تاہم آج ہم نے عالمی اور ملکی میڈیا کے سامنے تمام حقائق رکھ دیئے ہیں اور جو مقامات بھارت خیالی دہشت گرد کیمپس قرار دیتا رہا ہے، وہ دراصل عام شہری آبادی کے علاقے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن کیلئے بھی پرعزم ہے اور پاکستان دنیا کے کسی بھی حصے میں دہشتگردی یا دہشتگردانہ سرگرمیوں کی مذمت کرتا ہے۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے عمل سے بارہا ثابت کیا کہ ہم امن کے داعی ہیں لیکن اپنی خودمختاری کے دفاع کیلئے ہم ہر حد تک جائیں گے، بھارت کو الزام تراشی سے پہلے اپنے زیر قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی داخلی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے لائن آف کنٹرول پر پروپیگنڈا کرتا ہے لیکن آج عالمی میڈیا نے خود اپنی آنکھوں سے اصل حقیقت دیکھ لی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایک بار پھر دنیا کے سامنے واضح کیا ہے کہ وہ علاقائی امن کیلئے پرعزم ہے، تاہم کسی بھی بھارتی جارحیت کا فوری اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  پشاور:سکول سےباہر بچوں کی شرح50فیصد والے اضلاع میں تعلیمی ایمرجنسی لگانےکافیصلہ