ویب ڈیسک: پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے الفتح میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق میزائل کی رینج 120 کلومیٹر ہے اور یہ تجربہ جاری مشق اندس کا حصہ تھا۔
تربیتی تجربے کا مقصد افواج کی عملی تیاری کو یقینی بنانا اور میزائل کے جدید نیویگیشن سسٹم سمیت اس کی تکنیکی صلاحیتوں اور درستگی کو جانچنا تھا۔
تجربہ پاک فوج کے سینئر افسران کے ساتھ ساتھ پاکستان کے اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئروں نے بھی ملاحظہ کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی اسٹاف نے تجربے میں حصہ لینے والے افسران، سائنسدانوں اور انجینئروں کو کامیاب تجربے پر مبارکباد دی۔
پاکستان آرمی کی آپریشنل تیاری اور تکنیکی مہارت مکمل اعتماد کے قابل ہے۔ مادرِ وطن کی علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے زمین سے زمین پر وار کرنے والے فتح میزائل کی تربیتی لانچ کی کامیابی پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف، آرمی چیف اور اسکی تیاری میں شامل سائنسدانوں و انجینئیرز کی کوششوں کی پذیرائی کی۔
انہوں نے کہا کہ تربیتی لانچ کی کامیابی سے واضح ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
