ویب ڈیسک: مودی سرکار کے جنگی جنون میں مزید اضافہ ، بھارتی فضائیہ اور رافیل طیاروں کو ایک بار پھر الرٹ کرنے کی خبریں سامنے آگئیں ۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ممکنہ طور پر پاکستان پر محدود فضائی حملوں کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے اس سلسلے میں بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو فضائی دفاعی نظام کی ہائی الرٹ حالت کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق بھارتی وزیراعظم مودی نے عسکری قیادت کو پاکستان کے خلاف کسی بھی وقت اور کسی بھی مقام پر کارروائی کی مکمل آزادی دے دی ہے یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارتی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کے تریپاتھی نے بھی مودی کو جنگی تیاریوں سے متعلق الگ ملاقات میں آگاہ کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رافیل طیاروں سے لیس بھارتی فضائیہ اس وقت مغربی سرحد پر جنگی فضائی گشت (CAPs) انجام دے رہی ہے، جبکہ بھارت نے مغربی محاذ پر ایئربیسز پر آپریشنل ریڈینس پلیٹ فارمز (ORPs) کی تعداد میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔
ایک او آر پی (Operational Readiness Platform) میں عموما دو سے تین مکمل طور پر مسلح لڑاکا طیارے شامل ہوتے ہیں جو ایئربیس پر رن وے کے ساتھ بنے مخصوص حفاظتی بنکروں میں ہر وقت تیار حالت میں رکھے جاتے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری پرواز کر سکیں۔
اس کے علاوہ متعدد ائر بیسز پر مکمل مسلح جنگی طیارے ہمہ وقت حملے کے لیے تیار رکھے گئے ہیں۔
