ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ عمران خان کو موجودہ حالات میں قید رکھنا ملک دشمنی ہے ،اگر ملک میں اتحاد پیدا کرنا ہے تو بانی کو جیل سے باہر نکالنا ہوگا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا فوری مطالبہ کرتی ہے، حقیقی قیادت ہی ملک کو متحد کرسکتی ہے، اگر یہ حقیقی نمائندے ہوتے تو خواجہ آصف والا بلنڈر نہ کرتے۔
انہوں نے کہا کہ امن ہماری ترجیح مگر اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ایک طرف اتحاد کا پیغام، دوسری طرف ہمارے کارکنان کو تاحال گرفتار کیا جا رہا ہے۔
رہنماء پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ بھارت ابھی نندن والا سبق یاد رکھے، فارم 47 والی حکومت پر قوم کو اعتماد نہیں ہے، ایسے نالائق خواجہ آصف کو ملک کا وزیر دفاع بنایا گیا ہے، خواجہ آصف کہہ رہا ہے کہ 30 سال سے گند ہم امریکیوں کو کہنے پر کر رہے ہیں، خواجہ آصف نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام بدنام کیا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ خواجہ آصف کے بیان کی مذمت کرتے ہیں، خواجہ آصف نے بھارت کو پاکستان کے خلاف چارج شیٹ بنا کر دیدی ہے، نوازشریف نے ممبئی حملوں کا پاکستان پر الزام لگایا تھا، نوازشریف کا بیان وطن دشمنی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں دو دن کے اندر اے پی سی بلائی گئی، جس ملک پر جھوٹا الزام لگایا یہاں کوئی اے پی سی نہیں ہوئی، اتنے دن گزر جانے کے بعد وزیر نے بریفنگ دی یہ ان کی سنجیدگی کا عالم ہے، بریفنگ میں سارے فارم 47 والے بٹھائے ہوئے تھے، یہ عوام کے نمائندے نہیں ہیں۔
