پاکستان اور بھارت تصادم قابو سے

پاکستان اور بھارت تصادم قابو سے باہر ہو سکتا ہے، گوتریس

ویب ڈیسک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوتریس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال نازک ہے، پاکستان اور بھارت تصادم قابو سے باہر ہو سکتا ہے، اس لئے ہوش سے کام لینا ہوگا، اشتعال انگیزی نقصان دہ ہو سکتی ہے۔
پاکستان اور بھارت سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی حالیہ برسوں میں اپنی بلند ترین سطح پر ہے، دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کا دل کی گہرائیوں سے احترام کرتا ہوں، اقوام متحدہ کے امور بشمول امن مشنز میں دونوں ممالک کی شراکت پر مشکور ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات ابلتے ہوئے مقام پر پہنچ رہے ہیں، پہلگام حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں اور متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہوں، شہریوں کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے اور ذمہ داروں کو قانونی ذرائع سے انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔ سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ اس نازک گھڑی میں پاکستان اور بھارت تصادم قابو سے باہر ہو سکتا ہے، اس لئے اس سے بچنا بہت ضروری ہے، دونوں ممالک کو زیادہ سے زیادہ تحمل سے کام لینے اور جنگ کے دہانے سے پیچھے ہٹنے کا وقت ہے، دونوں ممالک کیلئے یہی میرا پیغام رہا ہے، کوئی غلطی نہ کریں، فوجی کارروائی کوئی حل نہیں ہے، میں امن کے لئے دونوں حکومتوں کو اپنی خدمات پیش کرتا ہوں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اقوام متحدہ کسی بھی ایسے اقدام کی حمایت کے لیے تیار ہے جو کشیدگی میں کمی اور امن کے لیے تجدید عہد کو فروغ دیتا ہے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی فوج کی غزہ پر وحشیانہ بمباری، مزید119فلسطینی شہید