منرل بل پختونوں کی خودمختاری

یہ زمین اور وسال ہمارے ، مائنز اینڈ منرل بل پختونوں کی خودمختاری پر حملہ ہے

ویب ڈیسک: عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ مائنز اینڈ منرل بل پختونوں کی خودمختاری پر حملہ ہے، ہمیں اپنے وسائل پر اختیار نہ ملا تو بغاوت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر ایمل ولی خان نے پشاور ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے مائنز اینڈ منرل بل پختونوں کی خودمختاری پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے وسائل پر اختیار نہ دیا گیا تو بغاوت کا اعلان کریں گے۔
پشاور ہائیکورٹ بار کی نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وکلاء اس مجوزہ بل کو بہتر سمجھتے ہیں کیونکہ یہ قانونی اور آئینی پہلوؤں سے براہ راست جڑا ہوا ہے، یہ زمین ہماری ہے، یہاں کے وسائل بھی ہمارے ہیں اور ان پر حکمرانی کا حق صرف یہاں کے عوام کو حاصل ہے۔
سینیٹر ایمل ولی نے کہا کہ باچا خان نے اس خطے کی آواز اٹھائی، ہم اسی نظریے پر قائم ہیں، صوبائی خودمختاری کا اختیار عوامی جدوجہد سے ملا تھا، جو اب نااہل حکمرانوں کے ہاتھوں واپس لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے آئین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سمندر کے نیچے موجود معدنیات وفاق کی ملکیت ہیں لیکن زمین میں موجود معدنیات کا اختیار آئینی طور پر صوبوں کو حاصل ہے، تاہم مائنز اینڈ منرل بل کے ذریعے اس اختیار پر بھی ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ وزیرستان، پارا چنار اور دیگر علاقوں میں موجود قیمتی قدرتی وسائل کو مقامی عوام سے چھین کر باہر لے جایا جا رہا ہے اور ان علاقوں کے عوام کو ترقی اور سہولت سے محروم رکھا جا رہا ہے، اگر اٹھارویں آئینی ترمیم پر مکمل عمل نہ ہوا تو ہم ہر فورم پر مزاحمت کریں گے۔

مزید پڑھیں:  بنوں میں بم دھماکہ ،ایک بچہ زخمی ہونے کی اطلاع