ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت پشاور میں اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹ آفیسرز ایسوسی ایشن کی جانب سے چیف سیکرٹری کو خط لکھا گیا ہے ، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تنخواہوں میں تفاوت ختم کی جائے، جبکہ مراعات کے لیے آزاد پالیسی ریویو کمیشن بنانے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
چیف سیکرٹری کو لکھے گئے خط میں سیکرٹریٹ اور ڈائریکٹوریٹ افسران کی تنخواہوں میں تفاوت ختم کرنے اور ڈائریکٹوریٹ افسران کو روٹیشن پر دیگر محکموں میں تعیناتی کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ افسران کے لیے ایگزیکٹو اور ٹیکنیکل الاؤنس متعارف کیا جائے، سیکرٹریٹ افسران کو مختلف الاونسز دیے جا رہے ہیں، جبکہ اہم ذمہ داریوں کے باوجود ڈائریکٹوریٹ افسران الاؤنس سے محروم ہیں۔
چیف سیکرٹری کو لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ افسران بھی پالیسی سازی اور اہم انتظامی امور میں کردار ادا کرتے ہیں، ڈاکٹرز، انجینئرز اور پلاننگ سٹاف کو خصوصی الاؤنسز دیئے جا رہے ہیں۔
