اینٹی کرپشن کی کھلی کچہری

اینٹی کرپشن کی کھلی کچہری، عوام نے شکایات کے ڈھیر لگا دیئے

ویب ڈیسک: اینٹی کرپشن کی کھلی کچہری کے دوران عوام نے شکایات کے ڈھیر لگا دیئے، لوگوں نے تمام محکموں کا کچا چٹھا کھول کر رکھ دیا۔
خیبرپختونخوا اینٹی کرپشن کی کھلی کچہری وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے انسداد بدعنوانی مصدق عباسی کی صدارت میں ڈائریکٹوریٹ آف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ حیات آباد پشاور میں منعقد ہوا۔
اس دوران بدعنوانی کے خلاف عوام نے شکایات کے ڈھیر لگا دیئے، تاہم اس حوالے سے مصدق عباسی کا کہنا تھا کہ ماہانہ بنیادوں پر ڈائریکٹوریٹ اور ریجنل دفاتر میں کھلی کچہریوں کے انعقاد کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کھلی کچہریوں کے دوران سامنے آنے والی شکایات پر فوری کارروائی ہورہی ہے۔ صوبے میں بدعنوانی کی روک تھام کیلئے کوشاں ہیں۔ ان کھلی کچہریوں کا مقصد اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کے افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینا، عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا اور سرکاری وسائل کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ عوام اپنے جائز کاموں کے لیے سرکاری محکموں میں کسی قسم کی رشوت دینے سے گریز کریں، بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کے حوالے سے عوام اپنے شکایات اینٹی کرپشن کے واٹس ایپ نمبر 03319988848 اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے آن لائن پورٹل "اختیار عوام کا” کے ذریعے درج کرسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  کرپشن پر ریاستی اداروں کی خاموشی خطرناک رجحان بن چکی ہے، میاں افتخار حسین