پی ٹی آئی قائدین پر تشدد

پی ٹی آئی قائدین اور منتخب نمائندوں پر تشدد فسطائیت کی انتہا ہے ،بیرسٹر سیف

ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل کے سامنے پی ٹی آئی قائدین اور منتخب نمائندوں پر تشدد فسطائیت کی انتہا ہے ۔
اپنے بیان میں مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ دشمن گھات لگائے بیٹھا ہے، موجودہ حالات میں قومی اتحاد و یکجہتی کی اشد ضرورت ہے لیکن جعلی راج کماری بغضِ عمران خان میں قوم کو تقسیم کرنے پر تلی ہوئی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور شریف خاندان کی موجودگی میں ملک کو کسی بیرونی دشمن کی ضرورت نہیں، معلوم نہیں یہ جعلی حکومت ملک سے کس چیز کا بدلہ لے رہی ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل کے سامنے ہونے والے مظالم پر عدلیہ کی خاموشی افسوسناک ہے، عدالتیں 26ویں ترمیم کی زنجیریں توڑتے ہوئے از خود نوٹس لیں۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ جعلی راج کماری مریم نواز بغضِ عمران خان میں حواس باختہ ہو چکی ہیں، مریم نواز پنجاب پولیس کو پی ٹی آئی کے خلاف استعمال کرنے کا سلسلہ بند کریں،مریم نواز اتنا ظلم کریں جتنا خود سہنے کی سکت رکھتی ہوں۔

مزید پڑھیں:  آپریشن بنیان مرصوص مکمل:شہدا کےخون کا حساب لے لیا،ترجمان پاک فوج